اسلام آباد :(ملت+اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ شعر و ادب کے فروغ سے معاشرے میں تحمل، برداشت، ہمدردی اور خیر سگالی کے کلچر کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔یہ بات اْنہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لئے اپنے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ علمی و ادبی اداروں کو زیادہ فعال بناکر معاشرے کو کتاب کی طرف مائل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو اپنے اغراض ومقاصد کے لئے ہر قسم کی مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ادیبوں ، شاعروں اور دانشوروں کو اپنی تخلیقات کی اشاعت اور فروغ کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو ’’ زبان ادب اورمعاشرہ ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔ یہ کانفرنس 5جنوری سے 8جنوری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
خبرنامہ
شعر و ادب کے فروغ سےخیر سگالی کے کلچر کو فروغ دیا جاسکتا ہے:وزیراعظم
