دبئی /اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کیچیئرمین جنرل(ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کراچی میں سما ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور خان کی ہلاکت پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔اپنے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں دونوں راہنماؤں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ایسے حالات پیدا کر دئیے گئے ہیں جن میں صحافی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔سماء4 ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر حلہ اور کسی صحافتی کارکن کی شہادت پہلا واقعہ نہیں ہے۔صحافت سے وابستہ کارکنان اور ادارے اس سے قبل بھی ایسی وارداتوں کے شکار ہو چکے ہیں مگر افسوس کہ اس حوالے سے کوئی مستقل لائحہ عمل اختیار نہیں کیاگیا جس وجہ سے ایسے واقعات آئے روز رونما ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافتی کارکنان اور اداروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیاجائے تا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کر سکیں۔اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے شہید ہونے والے اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور خان کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیااور انہیں یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی آل پاکستان مسلم لیگ کی تمام تر ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔
خبرنامہ
صحافتی کارکنان کو تحفظ فراہم کیاجائے،ان کی جانوں سے کھیلنا ناقابل برداشت ہے: مشرف