اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صحت کی نگہداشت کے شعبہ کو حکومت کی اولین ترجیحات کاحصہ قراردیتے ہوئے کہاکہ ملک میں انتہائی غریب مریضوں کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ شاہ بحرین کے بھائی اور بحرین کے کمانڈر آف نیشنل گارڈلیفٹیننٹ جنرل شیخ حمد بن عیسیٰ بن سلمان بھی تقریب میں موجود تھے ۔ کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بحرین کی جانب سے یہ تحفہ ہے اور اس کا الحاق رائل کالج آف سرجنز آئرلینڈ سے ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں تربیت یافتہ نرسنگ اینڈ ٹریننگ سٹاف کی کمی کے پیش نظر بحرین کا یہ منصوبہ صحت کی نگہداشت کے شعبہ کی اس ضرورت کو پورا کرنے میں مدد دے گا ۔ انہوں نے کہاکہ نرسنگ کیئر کے شعبہ کو ماضی میں نظر انداز کئے جانے کی وجہ سے بڑے مسائل کا سامنا ہے ، اس لئے اس سلسلے میں سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ اس منصوبہ سے ملک میں نرسنگ کے پیشہ کامعیار بڑھے گا اور یہ بین الاقوامی معیارات پر پورا اتر سکے گا۔ انہوں نے اس منصوبہ کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت قرار دیتے ہوئے اس کے لئے شاہ بحرین حمد بن عیسی الخلیفہ کاشکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے نرسنگ یونیورسٹی کو پاکستان بحرین تعاون میں شاندار اضافہ قرار دیا اور کہاکہ حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے پر عزم ہے ، 2015ء میں شروع کئے گئے قومی صحت پروگرام کے تحت ملک بھر میں 50نئے ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ۔اس پروگرام سے 10کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ وزری اعظم نے انسداد پولیو مہم سمیت ماں اور بچہ کے لئے مفت طبی سہولیات کی فراہمی کابھی ذکر کیا۔ اس موقع پروزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے اپنے خطاب میں منصوبہ کے نمایاں خدوخال پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی پاکستان میں نرسنگ کے شعبہ کو تبدیل کردے گی۔ انہوں نے کہاکہ 237کنال کے رقبے پر تعمیر ہونے والی نرسنگ یونیورسٹی 2ہزار طلباء کی ضروریات پوری کرے گی اور اس میں سالانہ 500طلباء داخل کئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ وہ ایک ہزار طلباء و طالبات کو رہائش کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔ وزیر مملکت نے کہاکہ اس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں امتیازی حیثیت حاصل ہوگی۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل شیخ حمد بن عیسیٰ بن سلمان کے ہمراہ کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے تختی کی نقاب کشائی کی ۔ بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے وزیر اعظم کو منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی۔
خبرنامہ
صحت کی نگہداشت حکومت کی اولین ترجیح؛ وزیراعظم
