خبرنامہ

صدر ممنون حسین کو صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دیدی گئی

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر ممنون حسین کو جمعیت علماء اسلام (ف) کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دیدی گئی‘ صدر مملکت کی 9اپریل کو بین الاقوامی اجتماع میں شرکت متوقع ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ‘ سابق صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری‘ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق‘ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین‘ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی خان‘ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور ملک کی تمام دینی جماعتوں کے قائدین کو اجتماع میں مدعو کرلیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں ہر صورت اجتماع میں شرکت کو یقینی بنانے کی خواہش ظاہر کردی۔ ذرائع کے مطابق صدر پاکستان کو باضابطہ طور پر حکومتی اتحادی جماعت کی 7,8,9اپریل کو صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دیدی گئی ہے۔ صدر ممنون حسین کی 9اپریل کو اجتماع میں شرکت کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی امام کعبہ کے ہمراہ 7اپریل کو اجتماع میں شرکت متوقع ہے۔ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ خود ان صد سالہ تقریبات میں شریک ہوں جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ ’’ حاضری‘‘ کی کوشش کریں گے۔ شہباز شریف‘ چوہدری شجاعت حسین‘ سینیٹر سراج الحق‘ لیاقت بلوچ سے جمعیت علماء اسلام کے وفود نے ملاقات کرکے باقاعدہ طور پر دعوت دی۔ اسی طرح دیگر جماعتوں کے قائدین سے بھی رابطے کئے گئے ہیں۔ ان قائدین کی اجتماع کے مختلف سیشنز میں شرکت متوقع ہے۔ پاکستان کے جید علماء کرام ‘ مفتیان کرام اور مشائخ کی شرکت کو یقینی بنانے کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے۔ اجتماع کے شرکاء کا ہدف چالیس لاکھ رکھا گیا ہے۔ قبائلی علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کے لئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح لاہور‘ کراچی اور کوئٹہ سے ٹرینیں بک کرلی گئی ہیں۔ جے یو آئی کے ذرائع کے مطابق اہم شخصیات نے کراچی سے اجتماع کے لئے طیارہ بھی بک کرلیا ہے جو چھ اپریل کو پشاور پہنچے گا جہاں سے یہ مہمان اضا خیل نوشہرہ آئیں گے۔ (ن غ / ا ع)