اقوام متحدہ (ملت + اے پی پی) صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے عالمی ادارے کے صدر دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے اصولوں کی بنیاد ہمارے عقائد، آئین اور بابائے قوم کے وژن پر رکھی گئی ہے۔اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیئے سکیورٹی دستے فراہم کرنے والے ایک بڑے ملک کی حیثیت سے پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کے حوالہ سے خواتین کے کردار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔پاکستانی خواتین نے ڈاکٹرز، نرسز اور پولیس آفیسرز کی حیثیت سے ایشیائی، افریقی اور بلقان ممالک میں خدمات سرانجام دی ہیں۔پاکستان کو مسلم ممالک میں پہلی خاتون وزیر اعظم، قومی اسمبلی کی خاتون سپیکر منتخب کرنے اور خاتون وزیر خارجہ اور سٹیٹ بنک کی خاتون گورنر مقرر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔پاکستان نے حال ہی میں سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر بھی خاتون کا تقرر کیا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ خواتین مثبت تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔کولمبیا سے یوگنڈا تک اور برونڈی سے تیونس تک خواتین نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔اسی طرح وہ تنازعات کے حل میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اوراس کے لیے عالمی برادری کو سیاسی عزم کے اظہار کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ کے سربراہ کی طرف سے خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنا خوش آئند ہے۔
خبرنامہ
صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہیں:ملیحہ لودھی
