خبرنامہ

ضرب عضب ،رد الفساد اور دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملی ہے

معاشرے کی اصلاح

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب ،رد الفساد اور دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملی ہے اور وزیراعظم نے صحت عامہ کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہم اقدامات کیے ہیں جن کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فکری سے ملاقات کے دوران کہی جس میں وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اعلی حکام نے بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہدہشت گردی کے خاتمے سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ صحت عامہ جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑنے صحت عامہ سے متعلق وزیراعظم کے وژن پر بڑی محنت سے کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس کے نتیجے میں پاکستان میں بیماریوں کی روک تھام اور صحت عامہ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومتِ پاکستان پولیو سمیت تمام موذی امراض کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پرڈبلیو ایچ اوکے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فکری نے کہا کہ وزریراعظم کی ہیلتھ کارڈ اسکیم صحت عامہ کے سلسلے میں بہت مفید ثابت ہوگی اور اسے عام آدمی کو علاج معالجے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتیں عام کرنے کے لیے حکومت پاکستان کو ڈبلیو ایچ او کا تعاون حاصل رہے گا۔