اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے جمعرات کو یہاں جرمنی کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سابق صدر رومن ہرزوک کی وفات پر وہاں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق معاون خصوصی نے جرمنی کے سابق صدر کی وفات پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے رومن ہرزوک کے خاندان ،جرمن حکومت اور عوام کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام غم کی اس گھڑی میں سابق صدر کے لواحقین اور جرمن حکومت کیساتھ برابر کے شریک ہیں۔طارق فاطمی نے دیوار برلن کے انہدام کے بعد سابق صدر رومن ہرزوک کو متحدہ ملکی سربراہ کی حیثیت سے جرمنی کے ادغام اور اقتصادی اصلاحات کیلئے مثالی خدمات سرانجام دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔جرمنی کے موجودہ صدر جاو چیم گاوگ نے منگل کو سابق صدر رومن ہرزوک کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے انہیں نمایاں شخصیت قرار دیا تھا۔
خبرنامہ
طارق فاطمی کا جرمن سفارتخانے کا دورہ
