خبرنامہ

طارق فاطمی کی کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطائری سے ملاقات

اسلام آباد : (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔سی پیک سے کویتی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں بڑے اقتصادی مواقع دستیاب ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ باتیں انہوں نے پاکستان میں کویت کے نئے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطائری سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں جنہوں نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں ان سے خیر سگالی ملاقات کی۔معاون خصوصی نے نئے سفیر کا خیر مقدم کیا۔سفیر نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الصباح کی جانب سے معاون خصوصی کو نیک تمناوں کا پیغام بھی پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں جبکہ پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ کویت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے ملکوں کے درمیان موجودہ دوستانہ اور قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔اس موقع پر طارق فاطمی نے کہاکہ پاکستان اور کویت نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز سے کویتی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں بڑے اقتصادی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔طارق فاطمی نے کہاکہ کویتی سرمایہ کار حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کئے گئے کاروبار دوست ماحول سے استفادہ کرنے کیلئے بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔کویت کے سفیر نے امن و سلامتی کو بہتر بنانے خصوصاً دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔پاکستان میں جاری مشترکہ منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کویت کے سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مثبت سمت میں بڑھتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مسلم ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ہے۔