خبرنامہ

عابد شیرعلی کا لوڈشیڈنگ کے نئے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کادورہ

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے نئے پلان پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کیلئے اسلام آباد میں نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کادورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کو نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے حکام نے بجلی کی ترسیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں کمی کو ہر صورت میں یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی موجودہ حکومت کااہم کارنامہ ہے اور ہم لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئیند ہے کہ ماضی میں بجلی کے ترسیلی نظام کے متعلق ماہانہ سینکڑوں شکایات موصول ہوتی تھیں لیکن اب یہ شکایات ختم ہو گئی ہیں اور اکثر اوقات یہ شکایات بجلی کے مکمل بندش یا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ہوتی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹری بیوشن کی سطح پر لوڈ شیڈنگ کی خودکار نگرانی کیلئے ایک نظام وضع کیاجارہاہے ، اس نظام کے تحت صارفین اپنے فیڈرز کی لوڈ شیڈنگ کی نگرانی کرسکیں گے ۔انہوں نے بتایاکہ جنریشن کمپنیوں اور آئی پی پیز کے پاس بجلی کی پیداوار کیلئے وافر ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال پر مسلسل اور کڑی نظر رکھی جائے اور جہاں کہیں بھی کوئی شکایت یاخامی نظر آئے تو اسے فوری ٹھیک کیاجائے۔ بجلی کی ترسیل کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کوبرداشت نہیں کیاجائیگا۔