اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے عالمی برادری پر زوردیاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم شہریوں پر بھارتی مظالم بند کرانے سمیت اس مسئلہ کا پرامن اور سیاسی حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے جو آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔جمعرات کو یہاں ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام کشمیر کے حوالے سے دو روزہ عالمی پارلیمنٹری سیمینارکے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر اور فلسطین اب تک تصفیہ طلب ہیں ، اس سلسلہ میں سلامتی کونسل کی قرار دادیں بھی موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی تین نسلوں کی قربانیاں دنیا بھر کے سامنے ہیں ، 7لاکھ بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں موجودگی اور ان کے نہتے اور معصوم کشمیریوں پر مظالم کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2جولائی 2016ء کو برہان وانی کی شہادت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ثابت ہواہے جس کے بعد بھارتی افواج نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے۔ پیلٹ گنوں کے استعمال سے ہزاروں کشمیری نوجوان بینائی سے محروم ہوئے ہیں اور اب تک جدوجہد آزادی کے حوالے سے جانوں کے نذرانے پیش کرنے کی شرح مقبوضہ کشمیر میں دیگر کسی بھی جدوجہد آزادی کے مقابلے میں بہت زیادہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر ایک بنیادی ایشو ہے ، وزیرا عظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس مسئلہ کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے ہم آئندہ بھی کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کا سیاسی اور پر امن حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔