خبرنامہ

عالمی سرمایہ کار سی پیک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں

اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاک۔چین اقتصادی راہداری میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر محمد احمد شیخانی کی سربراہی میں ایوان صدر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات دلانے کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ تعمیرات اور توانائی کے شعبہ میں بھرپور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور یہ ان کیلئے نادر موقع ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے اور اس امید کا اظہار کیا کہ دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2020ء سے پاکستان سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے فنی تربیت کیلئے اقدامات کئے ہیں اور جوانوں کو فنی تربیت فراہم کی ہے۔ یہ تربیت یافتہ افراد دبئی اور دیگر ملکوں میں اپنی خدمات سرانجام دینے کیلئے تیار ہیں جن سے دوسرے ملک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد احمد شیخانی نے صدر مملکت ممنون حسین کو بتایا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانے کیلئے ان کا وفد پاکستان میں سرمایہ کرنے کی غرض سے آیا ہے۔ وفد نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے۔