خبرنامہ

کلبھوشن کیس: عالمی عدالت انصاف کا دائرہ کار تسلیم نہیں کرتے: پاکستان

اسلام آباد: (ملت آن لائن) عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور جاسوسی جیسے جرائم سے بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن نے ایک بار نہیں بلکہ 2 بار اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جیسے مقدمات میں رسائی دینے کا فیصلہ میرٹ آف دی کیس پر ہوتا ہے۔ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے دائرہ کار کے حوالے سے ڈیکلریشن جمع کرا چکا ہے۔ ڈیکلریشن کے تحت قومی سلامتی معاملات پر عالمی عدالت انصاف کا دائرہ کار تسلیم نہیں کرتے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت سے کلبھوشن یادیو کے ساتھیوں تک رسائی مانگی ہے لیکن پاکستان کو کوئی بھی مثبت جواب نہیں دیا جا رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2008ء کا قونصلر رسائی معاہدہ موجود ہے۔ معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت کلبھوشن جیسے مقدمات میں رسائی دینے کا فیصلہ میرٹ آف دی کیس پر ہوتا ہے۔ ہمارے قانونی ماہرین نے عالمی عدالت انصاف میں بھی یہی موقف اپنایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں عالمی عدالت انصاف نے تین مرتبہ اس قسم کا فیصلہ دیا۔ ماضی کے یہ تینوں فیصلے امریکا کے خلاف دیے گئے تھے۔