خبرنامہ

عدالت سے باہر عدالت لگا کر جھوٹ بولنا عمران خان کی عادت ہے: مائزہ حمید

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عدالت سے باہر عدالت لگا کر جھوٹ بولنا عمران خان کی عادت ہے،عدالت ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہے،تحریک انصاف پانامہ پر گذشتہ دس ماہ سے سیاست کر رہی ہے،خیبرپختونخوا کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے کا جواب کون دے گا،عدالت نے ثبوت مانگے ہیں آپ کی آنیاں جانیاں نہیں دیکھیں گے،تحریک انصاف نے پانامہ پر تماشہ لگا رکھا ہے،عمران خان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کی عدالت سے استدعا کیا ہے،عمران خان نے عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا۔منگل کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ جھوٹی کہانی کو مزید جھوٹ بول کر سچ ثابت نہیں کیاجاسکتا،عدالت سے باہر عدالت لگا کر جھوٹ بولنا عمران خان کی عادت ہے،عدالت ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ سناتی ہے،آج تحریک انصاف کہہ رہی ہے کہ پانامہ کو بھول جائیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف پانامہ پر گذشتہ دس ماہ سے سیاست کر رہی ہے،خیبرپختونخوا کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے کا جواب کون دے گا،وزیراعظم محمد نوازشریف کی سیاست سچائی اور قوم کی خدمت پر مبنی ہے،عدالت نے پی ٹی آئی سے پوچھا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ پانامہ کو سائیڈ پر کردیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کے سوال پر مثبت میں جواب دیا،اب آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے کیونکہ آپ کو جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے،تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم پر جھوٹے الزام لگانے پر اب آپ کو جواب دینا ہوگا،اسی ملک میں ہتک عزت کے قوانین بھی موجود ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی والے ہر روز ایک نئی کہانی لے کر آتے ہیں،عدالت نے ثبوت مانگے ہیں،آپ کی آنیاں جانیاں نہیں دیکھیں گے،آپ کی پریس کانفرنسز کی بجائے عمران خان کا چہرہ دیکھتا ہوں،پانامہ کا کیس جیسے جیسے چل رہا ہے،عمران خان کا چہرہ لٹکتا جارہا ہے۔وزیرمملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہاکہ عمران خان اپنی جماعت کی کیا قیادت کریں گے جو خود فیصلہ ہی نہیں کرسکتے،تحریک انصاف نے پانامہ پر تماشہ لگا رکھا ہے،عمران خان کو جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے سبق سیکھنا چاہیے تھا،عمران تو عدالت کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں ان کا کام صرف الزام لگانا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو تو یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کی عدالت سے استدعا کیا ہے،ہر روز عمران خان کے نئے جھوٹ ہمارے سامنے آئے ہیں،فیصلہ آئے گا تو الزمات کا پلندہ خود عمران خان کے اوپر گرے گا۔مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ عمران خان عوام کو بے وقوف بناسکتے ہیں،عدالت کو نہیں،عمران خان نے عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا،عمران عوام کی خدمت کرتے تو عدالت میں آنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔