خبرنامہ

عرفان صدیقی کا قائداعظم اکیڈمی کے دفتر کا اچانک دورہ، “سب OK”

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے افکار و نظریات کے فروغ کے لئے ایک منظم حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ ان کا پیغام معاشرے کے تمام طبقوں تک پہنچایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے قائداعظم اکیڈمی کے اسلام آباد دفتر کے اچانک معائنے کے بعد سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ قائداعظم کی شخصیت اور ان کے ارشادات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو بابائے قوم کی سوچ سے آگاہ کیا جائے۔ قائداعظم نے جمہوری اقدار کے ساتھ ساتھ معاشرتی رواداری، ہم آہنگی اور ہر قسم کے تعصب سے پاک ہو کر پاکستان کی بے لوث خدمت کا درس دیا۔ عرفان صدیقی نے اکیڈمی کے افسران اور عملے کو تلقین کی کہ وہ قائداعظم پیپرز پر تحقیق کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے ایسی کتابوں کی تیاری پر زیادہ توجہ دیں جو بچوں اور نوجوان طلباء و طالبات کی فکری تربیت کر سکیں۔ قبل ازیں مشیر وزیراعظم نے بغیر پیشگی اطلاع اکیڈمی کے دفاتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام سٹاف اپنے اپنے کام میں مصروف تھا۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عامر حسن اور جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔