خبرنامہ

عمران خان اسلام آباد بند کرنے کی بجائے سپریم کورٹ کے فیصلے کاانتظارکریں

کوئٹہ۔21اکتوبر (ملت + اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت وبلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہاہے کہ عمران خان اسلام آباد کوبند کرنے کی بجائے سپریم کورٹ اورالیکشن کمیشن کے فیصلوں کاانتظارکریں،سپریم کورٹ نے پانامالیکس کے معاملے پرتمام فریقین کونوٹس جاری کردیئے ہیں اس لیے عمران خان اداروں پراعتماد کرتے ہوئے فیصلوں کوتسلیم کریں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھی موجودتھے ۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت وبلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہاکہ اسلام آباد کوبند کرنا غیرآئینی وغیرقانونی اقدام ہے ۔تحریک انصاف کے 126 دن کے دھرنے کی وجہ سے پہلے ہی46 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی شکل میں ایک سال تاخیر سے ملی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام بہترین جج ہے کیونکہ عوام کوووٹ کے ذریعے اورجمہوری طریقے سے حکمرانوں کی تبدیلی کاحق حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف جمہوریت کابساط لپیٹنے کی کوششیں کررہی ہے۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت وبلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے قیام کیلئے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں اورجمہوری نظام کے تسلسل کوبرقراررکھنے کیلئے سیاسی کارکنوں نے جیلیں کاٹی اورجلاوطن ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ہوناناگزیرہے ، 8 جوالائی 2016 کو مظفروانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی ایک نئی لہرچل پڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبر 1947 ء کوبھارت نے اپنی فوجیں زبردستی مقبوضہ کشمیر میں اتاری اورآج تک بھارتی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں موجودہیں اوراس سلسلے میں27 اکتوبرجمعرات کوبھرپورانداز میں یوم سیاہ منایا جائے گااوراس سلسلے میں بلوچستان سمیت پورے ملک میں پروگرامز منعقد کیے جائینگے۔