اسلام آباد (ملت + آئی این پی)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں امن وامان ،توانائی اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ، 2013 ء میں حکومت کو بے پناہ چیلنجزز کا سامنا تھا جس کا حکومت نے وزیر اعظم محمدنواز شریف کی سربراہی میں بخوبی مقابلہ کیا۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ملک کے طول و عرض میں حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے اور ملک میں کوئی نو گوایریا نہیں ہے ۔توانائی بحران میں کمی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں،ملک میں لوڈ شیڈنگ انتہائی محدود ہو چکی ہے اور رواں سال تقریباً دس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء کی نسبت آج حکومت کی بہترین حکمت عملی کے باعث ر واں سال گیس لوڈ شیڈنگ انتہائی محدود پیمانے پر کی جارہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت سے متعلق مثبت خبریں آئے روز مختلف بین الاقوامی سروئیز کی صورت میں سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رٹینگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی معیشت کو ریٹنگ بی (B ( قرار دینا انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورت حال انتہائی پراُمید ہے اور زراعت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں سی پیک کی صورت میں ملک میں بین الاقوا می سرمایہ کاری بڑھنے کے بڑے روشن امکانات ہیں جس سے پاکستان کی معیشت مزید مستحکم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام تر کامیابیاں محمدنواز شریف کے وژن اور حکمت کی بہترین حکمت عملی اور پالیسیز ز کے ذریعے ممکن ہو ئی ہیں۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان اپنی دھرنا اور احتجاجی سیاست اور خیبر پختونخواہ میں برُی کارکردگی کے باعث عوام کے سامنے مکمل طورپر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم بننے کی خواہش کی وجہ سے عمران خان نے عوام کی خدمت اور ترقی جیسے مقدس کام کو نہ صرف پس پشت ڈالا بلکہ نواز شریف کے ترقی کے ایجنڈے کو بھی اپنے دھرنوں کی صورت میں ڈی ریل کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ اپنی بہترین کارکردگی کے باعث 2018 ء بھی مسلم لیگ (ن) کا سال ثابت ہو گا اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
خبرنامہ
عمران خان مکمل طور پربے نقاب ہو چکے ہیں: برجیس طاہر
