اسلام آباد(ملت+آئی این پی)سابق وفاقی و زیر و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ میں نے اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے حوالے سے سچ بولا‘ میرے سچ کی تکلیف کچھ دن رہے گی‘ عمران خان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو لڑوانا چاہتے ہیں ‘ جو دوسروں کی طرف دیکھتا ہے ان کی اپنی سیاست ختم ہو جاتی ہے ۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف ہمارا نہیں پوری قوم کا مقدر ہے۔ کشمیر کی قومی پالیسی کے تحت لے کر چلیں گے۔ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے اقدامات سے جمہوریت دشمنی کی بو آ رہی ہے۔ 30 اکتوبر کے اجتماع سے عمران خان کی گھر کی روٹی تو چلتی رہے گی مگر غریبوں کا روزگار بند ہو جائے گا۔ عمران خان کے دھرنے کو حکومت نے پہلے بھی ڈیل کیا تھا اب بھی کر لیں گے۔ عمران خان پہاڑ جیسی باتیں کرتے ہیں آخر پر نکلتا چوہا ہے۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے اسمبلی میں کلبھوشن یادیو کا ذکر ایسے کیا گیا جیسے وزیر اعظم اس کا نام لینے سے ڈرتے ہوں۔ بلاول نے بھی تنقید کی میں نے ان کی تنقید پر سچ بتایا تو انہیں برا لگا سچ کڑوا ہوتا ہے۔ میرے سچ کی تکلیف کچھ دن رہے گی
خبرنامہ
عمران خان (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو لڑوانا چاہتے ہیں ‘ مشاہد اللہ
