خبرنامہ

عمران خان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکی: عابد

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہوچکی ہے‘ عمران خان نے ملک میں ہمیشہ منفی سیاست کو فروغ دیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی‘ بغیر ثبوت الزامات لگانا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے‘ توقع ہے کہ آنے والے آرمی چیف بھی جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف واحد جنرل ہیں جنہوں نے اپنے ادارے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے علم بلند کیا۔ انہوں نے کرپشن کے خاتمے کے لئے ادارے میں جو روایت ڈالی وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے اندر امن و سلامتی کی علامت ہے مسلح افواج کے سربراہ ملک کی سلامتی کے ضامن ہوتے ہیں توقع ہے کہ نئے آرمی چیف بھی جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔ قوم جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار کو مرد کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ بغیر ثبوت الزامات لگانا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔ عمران خان ین ملک میں ہمیشہ منفی سیاست کو فروغ دیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی۔ عمران خان کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہوچکی ہے۔ (ن غ/ا ر)