اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں جتنے رنگ عمران خان نے بدلے ہیں، اتنے کسی گرگٹ نے بھی نہیں بدلے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بار بار پاکستان میں جمہوریت پر حملہ کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان جیسی غیر سنجیدگی کسی میں نہیں دیکھی۔ الزام لگانا اور لوگوں کی بے عزتی کرنا عمران خان کا طرہ امتیاز ہے اور جھوٹ بولنے کے علاوہ انہیں کوئی دوسرا کام نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنی بلند آواز میں جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ کا گمان ہونے لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہمارا احتساب وہ کرے گا جس پر الیکشن کمیشن میں غیر ملکی فنڈز اڑانے کا کیس چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اداروں اور عدالتوں کو روز اول سے دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ عمران خان کا طرز عمل یہ ہے کہ دھرنا دو اور جھوٹ کو سچ میں تبدیل کرو، انہوں نے ہر مرتبہ عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ عمران خان نے ہمارے خلاف انجینئر ڈ رگنگ کا الزام لگا جس پر ہم نے کہا کہ اگر انجینئرڈ رگنگ ثابت ہوئی تو ہم حکومت جھوڑ دیں گے اور عمران خان نے کہا کہ رگنگ ثابت نہ ہوئی تو وہ اپنا موقف واپس لے لیں گے اور الحمداللہ اسی عدالت سے ہم سرخ رو ہوئے تاہم عمران خان نے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 62-63 کا اطلاق اس شخص پر ہوتا ہے جو اپنے کئے وعدوں سے مکرتا ہو ۔