اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی )وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کیلئے چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر رہے ہیں، عمران خان روز الزام لگانے سپریم کورٹ پہنچ جاتے تھے ، ان کے ٹولے پر ہاتھ ڈالا تو انہوں نے کے پی کے میں احتساب کمیشن بند کر دیا ،عمران کو اب جواب دینا اور جھوٹ کی سزا بھگتنا پڑیگی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان بہانے بنا کر پنجاب جاتے ہیں،خان صاحب پنجاب جا کر نظر تو آتا ہوگا کہ کارکردگی، لوگوں کی خدمت اور ڈویلپمنٹ کیا ہوتی ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی نقل مارنا آپ کے بس کی بات نہیں کیونکہ آپ کا مقصد لوگوں کی خدمت نہیں، عمران خان کو تو بولنے کے دس ارب دینے چاہئیں،جب وہ بولتے ہیں تو دوسروں کا فائدہ اور اپنا نقصان کرتے ہیں، عمران خان نے سپریم کورٹ سے بھاگنے کے لئے سڑکوں کا انتخاب کیا، وہ اور ان کے وکلاء ہر ادارے میں جا کر معافی مانگتے ہیں، پوری قوم عمران خان سے جواب کی منتظر ہے ،آپ غیر ملکی فنڈنگ ، اثاثوں کی غلط معلومات اور آف شور کمپنیوں کا جواب کب دیں گے ، اب جھوٹ بولنے اور بھاگنے سے کوئی فائدہ حاصل نہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے اوپر قائم تمام کیسز کے جوابات دینا ہوں گے ، عمران خان کو پارلیمنٹ پر حملے ، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثبوت کے بغیر کسی پر الزام لگانا اور اداروں کی تضحیک کرنا بڑا گناہ ہے
خبرنامہ
عمران کو جواب دینا اور جھوٹ کی سزا بھگتنا پڑیگی:مریم اورنگزیب
