خبرنامہ

عمران کی پالیسیوں سے ناخوش ہیں: امیر مقام

مردان: (ملت+اے پی پی) ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ ہم نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں سرکاری حکام کہہ رہے ہیں کہ عمران خان تلاشی اور احتساب کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ دوسروں کی تلاشی لینے والے اپنے آپ سے شروعات کیوں نہیں کرتے۔ امیرمقام نے کہا کہ پی ٹی آئی والے سی پیک کے حوالے سے بہت اعتراضات کرتے تھے تو کبھی عدالت جاتے تھے مگر اب ان کو احساس ہو گیا ہے کہ کے پی بھی اس منصوبے کا حصہ ہے، اس منصوبے سے پورے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ امیر مقام نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد کپتان کو یہ بھی احساس ہو جائے گا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اس ملک کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے ارکان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔