اسلام آباد (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کے فوری حل سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل ہوں گے بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد بھی پیدا ہوگا جو ریاست کے استحکام کے لئے مفید ہے۔عوامی مسائل کا فوری حل اچھے نظم و نسق کی ضمانت ہے۔ وہ وفاقی انشورنس محتسب (ایف آئی او محمد رئیس الدین پراچہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر وفاقی انشورنس محتسب نے صدر ممنون حسین کو اپنے ادارہ کی سالانہ رپورٹ 2015-16بھی پیش کی۔صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی انشورنس محتسب کا بنیادی کردار مروجہ ضوابط کے مطابق انشورنس کمپنیوں اور ان کے پالیسی ہولڈرز کے درمیان تنازعات کو حل کرنا اور اپنے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ادارہ کو مزید موثر بنانے کے لئے قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے پر زور دیا۔ صدر ممنون حسین نے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور عوامی شکایات کے فوری حل کے ادارہ کے درمیان ایک موثر رابطہ نظام کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایف آئی او محتسب کے عالمی اداروں کے تجربات اور جاری جدید تحقیق سے استفادہ کررہا ہے انہوں نے گزشتہ سال کے دوران ایف آئی او سیکرٹریٹ کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ یہ مستقبل میں اپنی کارکردگی مزید بہتر بناتے ہوئے عوام کی موثر خدمت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر اہم کیسز کی لائیو کوریج کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے اور عوام میں شعور پیدا کیا جا سکے وفاقی انشورنس محتسب نے صدر مملکت کو بتایا کہ سال 2015-16میں مختلف انشورنس کمپنیوں کے خلاف 839شکایات درج کی گئی اور ادارہ نے ان میں سے 465 شکایات پر فیصلہ کیا۔
خبرنامہ
عوامی شکایات کے حل سے حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد پیدا ہوگا
