خبرنامہ

عوام 2018میں بھی بھاری اکثریت سےکامیاب بنائیں گے؛ برجیس طاہر

عوام 2018میں بھی بھاری اکثریت سےکامیاب بنائیں گے؛ برجیس طاہر
اسلام آباد(ملت آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساڑھے چار سال کے دور حکومت میں پاکستان کے تمام اہم شعبوں نے نمایاں ترقی کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت پاکستان کے معاشی حالات بہت ابتر تھے اور ملک نادھندہ ہونے کی پوزیشن سے دوچار تھا لیکن محمد نواز شریف کی وژنری قیادت اور اعلیٰ پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان کی معشیت مستحکم ہوئی بلکہ تمام معاشی اشاریوں میں تاریخی بہتری ریکارڈکی گئی، محمد نواز شریف نے پاکستان کونہ صرف معاشی اور توانائی کے بحران سے نکالا بلکہ ساتھ ساتھ ملک میں اس وقت جاری دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے تمام اداروں کو ایک ساتھ لے کر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے آج ہمارے ملک میں دہشت گردی میں تقریباً 80 فیصد تک کمی آ چکی ہے اور باقی ماندہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آپریشن ردالفساد تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک سے اندھیروں کو دور کرنے کیلئے توانائی کے بڑے منصوبے شروع کئے جو اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ آج توانائی کے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اور اس وقت ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے اور صرف ان چند فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جہاں بجلی چوری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے جس کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اس ملک کو سی پیک جیسے بڑے ترقیاتی منصوبے دیئے جن کو ترجیجی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور ان کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے ساڑھے چار سالوں کی کارکردگی کا موازنہ پچھلی حکومتوں سے کیا جائے تو اس کارکردگی کی کوئی مثال دور دور تک نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ہیں انہوں نے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ایٹمی دھماکے ہوں یا پھر موٹرویز کا جال ہو، بجلی کے کارخانے ہوں یا پھر لازوال معاشی ترقی ہو، ہر جگہ محمد نواز شریف نے اپنے وژن اور قابلیت کا لوہا بھرپور انداز میں منوایا لیکن افسوس کہ نواز شریف کو کبھی بھی اپنی مدت کو مکمل نہیں کرنے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی مرضی سازشیں کر لیں 2018ء کے الیکشن میں پاکستان کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر محمد نواز شریف کے وژن اور نظریہ کو ووٹ دے کر وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بڑے باشعور ہو چکے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کونسا لیڈر کام کر رہا ہے اور کونسا لیڈر محض ذاتی مفادات کو پروان چڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور منصوبوں پر مکمل اعتماد ہے، وہ ایک بار پھر ان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیا د پر ہوں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج کیا کہ وہ اپنی اپنی کارکردگی عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور باقی ماندہ وقت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد تکمیل کریں گے ۔