اسلام آباد (ملت + آئی این پی) فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا دوسرا اجلاس (کل) منگل کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر فنکاروں کا ڈیٹا بیس قائم کرنے کے علاوہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں قائم کمیٹی کا اجلاس قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں ہوگا۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس 7 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوا تھا۔ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ اس 12 رکنی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں ثقافت سے متعلق چاروں صوبائی سیکرٹریوں کے علاوہ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ، فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور نادرا کے حکام شرکت کریں گے۔ صوبائی سیکرٹری اپنے اپنے صوبوں میں فنکاروں کے لئے موجودہ سکیموں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کریں گے۔ فلم پروڈیوسرز کی جانب سے فلم کی سنسرشپ کے موقع پر فنکاروں کے لئے بہبود فنڈ میں مقررہ رقم کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی فنکاروں کے حوالے سے ڈیٹا بیس قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کرے گی تاکہ یہ ڈیٹا بیس وفاقی اور صوبائی سطح پر فنکاروں کی بہبود کے لئے مختلف سکیموں اور اس سے استفادہ کے بارے میں تمام معلومات کی فراہمی کا ایک موثر ذریعہ بن سکے۔ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر کے رواں ماہ کے آواخر میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کے ارکان میں پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاء الحق قاسمی، نامور فلمی اداکارہ زیبا محمد علی، مشہور فنکارہ لیلیٰ زبیری، ممتاز اداکار سہیل احمد عزیزی، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ، فلم پروڈیوسر سید نور، اعجاز احمد گل، موسیقار ماسٹر پرویز حیدر اور وائلن نواز استاد رئیس شامل ہیں جبکہ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عامر حسن کمیٹی کے سیکرٹری مقرر کئے گئے ہیں۔
خبرنامہ
فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی کمیٹی کا دوسرا اجلاس (کل) ہو گا
