خبرنامہ

فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی نے تجاویز کا مسودہ تیار کر لیا گیا

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعظم کے مشیر اور خصوصی کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی نے فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے فن اور اس سے وابستہ افراد کی فوری امداد اور بہتری کے اقدامات کے لئے تجاویز کا ابتدائی مسودہ کمیٹی میں شامل فنکاروں کے حوالہ کرتے ہوئے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پانچ اپریل تک اپنی آراکمیٹی کو بھجوادیں تاکہ مسودہ کو حتمی شکل دے دی جائے۔ یہ فیصلہ مشیر وزیراعظم اور خصوصی کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا۔ جمعہ کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں اب تک مرتب کردہ تجاویز کا جائزہ لیاگیا اور غوروخوض اور مشاورت کے بعد ابتدائی مسودہ منظور کرلیاگیا۔ عرفان صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فنکار برادری کی مشاورت سے یہ تجاویز تیارکی جارہی ہیں۔پورا اعتماد ہے کہ ہم ایک قابل عمل، شفاف اور فوری اثرات رکھنے والا موثر نظام تشکیل دینے میں کامیاب ہوں گے جو ہمارے فن کاروں کی بروقت مدد کو یقینی بنائے گا اور مشکل سے دوچار کسی فرد کو سال یا مہینوں کے انتظارکی اذیت سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ مشیر وزیراعظم نے کہاکہ کمیٹی اس پہلو پر بھی غور کر رہی ہے کہ فنکاروں کی امداد سے قطع نظر انہیں ایسے مواقع فراہم کئے جائیں جن سے نہ صرف اس کے فن کی آبیاری ہو بلکہ روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آ سکیں۔ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ اقدامات تجویز کرتے ہوئے فنکار کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔عرفان صدیقی نے کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ڈویژن کے سیکریٹری انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور دیگر متعلقہ افسران کی کاوش کو سراہا ۔ اجلاس میں فنکار کی تعریف سے متعلق قومی ،صوبائی اور ادارہ جاتی سطح پر حوالہ جات کا جائزہ بھی لیاگیا۔ وزارت قومی تاریخ وادبی ورثہ کے جائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق نے مرتب کردہ سفارشات کے بارے میں کمیٹی کے ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی ۔کمیٹی کے ارکان نے بھرپور محنت اور لگن سے تیارکردہ سفارشات کو سراہا اور کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے کمیٹی تشکیل دے کر نہایت اہم قدم اٹھایا ہے ۔فنکار برادری کو توقع ہے کہ وزیراعظم کے اس اقدام کے نتیجے میں سال ہا سال سے مشکلات اور مسائل کے شکار فنکاروں کے لئے بہتری کی صورت پیداہوگی۔ کمیٹی کے ارکان میں پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاالحق قاسمی، نامور فلمی اداکارہ زیبا محمد علی، مشہور فنکارہ لیلی زبیری، ممتاز اداکار سہیل احمد عزیزی، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ، فلم پروڈیوسر سید نور، اعجاز احمد گل، موسیقار ماسٹر پرویز حیدر اور وائلن نواز استاد رئیس شامل ہیں جبکہ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عامر حسن کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔