خبرنامہ

فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہو گا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس (آج) منگل کو ایوان اقبال لاہور میں ہو گا۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے لیے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اس کمیٹی کے سربراہ ہیں جبکہ ڈویژن کے سیکرٹری عامر حسن کو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں پی ٹی وی کے چیئر مین عطا ء الحق قاسمی ، معروف اداکارہ زیبا محمد علی، معروف فنکار سہیل احمد عزیزی، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ، معروف فلمساز سید نور، فلمساز اعجاز احمد گل، مشہور اداکارہ لیلیٰ زبیری، ماسٹر پرویز حیدر اور وائلن نواز رئیس خان شامل ہیں۔ کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے پہلے سے موجود مختلف حکومتی سکیموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان سکیموں کے موثر ہونے اور فنکاروں کو درپیش معاملات کے بارے میں رپورٹ مرتب کرے۔ کمیٹی سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے عرصے کے اندر اندر فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے نئی سکیموں کے بارے میں جامع تجاویز اور سفارشات مرتب کرے۔ کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی نے بتایا کہ اگلے ہفتے کمیٹی کا پہلا اجلاس لاہور میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیاں فن کی نظر کرنے والے فنکار حکومت کی بھرپور سرپرستی کا حق رکھتے ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اس سلسلے میں فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور عام لوگوں سے بھی تجاویز طلب کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 5 فروری کو اسلام آباد میں چوتھی اہل قلم کانفرنس کے موقع پر اہل قلم کے ساتھ ساتھ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عرفان صدیقی کی زیر صدارت کمیٹی اس حوالے سے جامع سفارشات مرتب کر کے پیش کرے تاکہ ان کی روشنی میں فنکارو ں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جا سکیں۔