اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ترامیم جمع کروادیں،ہماری ترامیم کو منظور نہ کیا گیا تو فوجی عدالتوں کے بل کی حمایت نہیں کریں گے،دہشتگردی کو مذہب سے جوڑنے نہیں دیں گے۔وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ساری عمر جمہوریت کیلئے لڑتے رہے ہیں،تمام جمہوری لوگوں کے ضمیر ایک جیسے ہوتے ہیں،سب دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے فوجی عدالتوں کا کڑواگھونٹ بھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں ملک کی ضرورت ہیں،فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معالے پر اپنی ترامیم جمع کروا دی ہیں،ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ دہشتگردی کو مذہب سے نہ جوڑا جائے،اگر ہماری ترامیم منظور نہ کی گئیں بل کی حمایت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ 23مارچ یوم پاکستان تجدید کا دن ہے،ہمیں اس دن متحد ہو کر دشمن قوتوں اور دہشتگردوں کو اتحاد کا پیغام دینا چاہیے۔۔۔۔(خ م+ار)
خبرنامہ
فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ترامیم جمع کروادیں
