اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات و سیکرٹری کی عدم شرکت پر احتجاجاً ملتوی کردیا گیا،کمیٹی نے وزیر اور اعلیٰ حکام کے نہ آنے پر اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھانے سے انکار کردیا،وزارت کے زیراستعمال گاڑیوں،ذیلی اداروں کی کارکردگی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود و تحفظ سے متعلق بل اور امور زیرغور نہ آسکے۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی صدارت میں جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔وزیرمملکت اطلاعات و نشریات اور وزارت کے سیکرٹری کی نشستیں خالی پڑی تھیں،پانچ نکات پر مستقل ایجنڈا زیر غور آنا تھا۔چیئرمین کمیٹی کامل علی آغا نے کہا کہ وزیر اور سیکرٹری کی موجودگی میں ان معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں،ان کے بغیر کارروائی آگے نہیں بڑھ سکے گی لہذا ہم احتجاجاً اجلاس کو ملتوی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیرمملکت مریم اورنگزیب اور سیکرٹری وزارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے باعث کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔۔۔۔(خ م+ار)
خبرنامہ
قائمہ کمیٹی کا اجلاس وزیرمملکت اطلاعات و سیکرٹری کی عدم شرکت پر احتجاجاً ملتوی
