قبل از وقت الیکشن کی بات قیاس آرائی ہے، وزیراعظم
لندن:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قبل از وقت الیکشن کی بات صرف قیاس آرائی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے برطانیہ سے وطن واپسی سے قبل مانچسٹر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ مقررہ وقت پر عام انتخابات چاہتی ہے تاہم قبل از وقت الیکشن کی بات قیاس آرائی کے سوا کچھ نہیں۔ انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلیے آئینی ترمیم لازم ہے جس کے لیے مشاورت کی جائے گی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ این آر او کی سیاست ہم نہیں کرتے اور نہ ہی اس کا سہارا لیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مارچ 2018 تک اسلام آباد ایئرپورٹ مکمل طور پر فنکشنل ہوجائے گا جس کا افتتاح میں یا صدر ممنون حسین کریں گے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حوصلے بلند ہیں اور ابھی تک سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سمیت کسی کو بھی یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں کن گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس نہیں ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو کرپشن کی بجائے اقامہ پر سزا دی ہے، وہاں سے انہیں کلین شیٹ بھی مل گئی ہے۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ ہماری نظر میں نواز شریف نے جو گناہ کئے ہیں وہ یہ ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کا وقار بلند کیا ، پاکستان سے اندھیروں کو مٹایا ،دہشت گردی کو ختم کیا ،سڑکیں بنائیں،موٹرویز بنائے، ایئرپورٹ بنائے،سٹاک ایکسچینج ،جی ڈی پی اور تمام اکنامک اشاریے مثبت ہیں اور اسے ساری دنیا مانتی ہے۔