قومی اسمبلی اجلاس، پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر واک آؤٹ
اسلام آباد(ملت آن لائن)اپوزیشن نے قومی اسمبلی سے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر واک آؤٹ کیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فوزیہ حمید نے کہا کہ ہم نے ایوان میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ بارہا اٹھایا مگر تاحال اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ اس مسئلے کو فی الفور حل کیا جائے۔ نگران دور میں یہ غریب لوگ مزید پریشان ہوں گے۔ سپیکر اس حوالے سے متعلقہ وزارت کو اپنی رولنگ کے ذریعے حکم دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کے حوالے سے احتجاجاً واک آؤٹ کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایوان سے واک آؤٹ کرگئیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کے حق میں آواز اٹھائی اور کہا کہ پی ایس ایم کی زمین اور وسائل کو بروئے کار نہیں لایا جارہا۔ پاکستان سٹیل ملز سے سریا خرید کر اسے بحال کیا جاسکتا ہے۔ ہم بھی ان کے ساتھ واک آؤٹ کریں گے اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے ارکان بھی ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سٹیل ملز کے ملازمین کو چھ ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہیں۔ ہم بھی اپوزیشن جماعتوں کے ہمراہ واک آؤٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے کی بحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کے ارکان بھی ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔