اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے ڈرنے والی نہیں‘ دہشت گردی کے خلاف ہم بلا تفریق متحد ہیں‘ نیشنل ایکشن پلان انسداد دہشت گردی کے لئے بنایا گیا‘ تعلیمی نصاب سے منافرت پر مبنی اسباق نکال دیئے گئے‘ گزشتہ تین سال میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں‘ پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہے۔ وہ جمعہ کو اسلام آباد میں اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں دعائیہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سولہ دسمبر کو قوم جس تکلیف سے گزری وہ آج بھی تازہ ہے۔ قوم کی حفاظت کرنے والے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا ۔انسداد دہشت گردی پلان کے تحت ایک قومی پالیسی وضع کی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان انسداد دہشت گردی کے لئے بنایا گیا۔ انسداد دہشت گردی پلان کے تحت تمام موبائل سمز کی تصدیق کی۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے موبائل کمپنیوں کی واپسی کے خدشات کو بالائے طاق رکھا۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد ملک میں نصاب تعلیم پر نظر ثانی کی گئی۔ تعلیمی نظام سے منافرت پر مبنی اسباق نکال دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عزم کا مظہر ہیں۔ شہدا اے پی ایس اور ان کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ قوم دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے ڈرنے والی نہیں جس دن سکول میں یہ واقعہ ہوا اگلے ہی دن اس سکول کو دوبارہ آباد کیا ۔دہشت گردی کے خلاف ہم بلا تفریق متحد ہیں۔ گزشتہ تین سال میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔ وزیراعظم کی کاوشوں سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ۔پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہے۔ وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا اے پی ایس نے اپنے خون سے پوری قوم کو متحد کیا۔ اے پی ایس کے شہید بچوں نے پوری قوم کو نیا جذبہ دیا۔ اے پی ایس کے شہداء کی قربانی کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو شہداء کے ناموں سے منسوب کیا ۔وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پوری قوم شہداء اور ان کے والدین کے لئے دعا گو ہے۔ تقریب کے دوران شہداء اے پی ایس کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
خبرنامہ
قوم دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے ڈرنے والی نہیں: مریم
