خبرنامہ

قوم سرسیّد احمد خان کی تعلیمی حکمت عملی کے ذریعے ترقی و کامیابی کی منازل حاصل کر سکتی ہے

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے مسلمان معاشرہ کے تعلیمی انقلاب کے بانی سرسیّد احمد خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ان کی تعلیمی حکمت عملی کے ذریعے ترقی و کامیابی کی منازل حاصل کر سکتی ہے جنہوں نے مسلمانوں کی آزادی اور تعلیمی احیاء کی بنیاد فراہم کی تھی۔ سرسیّد احمد خان کی 200 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 19 ویں صدی میں مغل شہنشاہیت کے خاتمہ کے بعد مسلمان تعلیم سے دور ہو گئے اور تعلیم اور تحقیق کے شعبہ میں کامیابیاں نہ حاصل کر سکے، ایسی مایوس کن صورتحال میں سرسیّد احمد خان امید کی کرن بن کر سامنے آئے جنہوں نے مسلمانوں کو بدلتے ہوئے زمانے کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی، فکری اور سیاسی انقلاب کی بنیاد رکھی۔ صدر نے کہا کہ اگرچہ آج تعلیمی اداروں کی کوئی کمی نہیں اور مسلمان ان سے فائدہ اٹھا رہے ہیں تاہم تعلیمی سہولیات صرف معاشرہ کے اشرافیہ کیلئے محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ تعلیم و ترقی کے مساوی مواقع ہر شہری کو مہیا ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سرسیّد احمد خان نے ہر شخص کی شناخت برقرار رکھتے ہوئے قومی مقاصد کیلئے کام کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پہلو متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اسی جذبہ کے ساتھ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی شناخت کے ذریعے مذہبی اور سیاسی اختلافات پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ قوم، حکومت اور مسلح افواج کے بھرپور عزم اور قربانیوں کے ساتھ انتہاء پسندی پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ ہم قوم کے محسن کے نظریہ کے مطابق ہر بچے کی بہبود کیلئے تعلیم مہیا کریں جو سرسیّد احمد خان جیسے عظیم مفکر اور رہنما کو ایک شاندار خراج عقیدت ہو گا۔