خبرنامہ

لوگوں کو خوراک مہیا کرنا حکومت کے منشور میں شامل ہے: سکندر حیات خان

اسلام آباد(ملت + آئی این پی)وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سکندر حیات خان بوسن نے کہا ہے کہ لوگوں کو خوراک مہیا کرنا حکومت کے منشور میں شامل ہے ‘ وزارت قومی تحفظ خوراک و تحقیق صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر قومی پالیسی برائے خوراک تشکیل آخری مراحل میں ہے جس کے تحت تمام شہریوں کو صحت مند خوراک تک رسائی دلائی جائیگی۔ وہ منگل کو واٹر انوائرنمنٹ فورم پاکستان کے تحت ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ملکی اور بین الاقوامی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے ۔ ہمیں آنے والی دھائیوں میں پانی اور خوراک کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کا ذمہ دار زیادہ سائنسی طور پر ترقی یافتہ ملک ہیں۔ اس موقع پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پانچ اعشاریہ تین ملین خواتین رجسٹرڈ ہیں جو روزانہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے اثرات کا سامنا کرتی ہیں۔ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کا حل بہتر طور پر پیش کر سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں اگر پالیسی ساز ‘ سائنسدان اور کمیونٹی آپس میں تعاون کریں تو اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔