خبرنامہ

لیویز فورس دیگر فورسزکے لیےگھر تعمیر کئے جائیں گے، وزیر مملکت سیفران غالب خان

لیویز فورس دیگر فورسزکے لیےگھر تعمیر کئے جائیں گے، وزیر مملکت سیفران غالب خان

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وزیر مملکت سیفران غالب خان نے کہا ہے کہ لیویز فورس کو بھی ملک میں موجود دیگر فورسزکی طرح سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کی تربیت کے لئے فاٹا میں جدید سہولیات سے آراستہ مراکز تعمیر کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد جمال الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ فاٹا میں دو طرح کے قدرتی وسائل ہیں جن میں سے ایک تلاش شدہ ہیں اور دوسرے وہ جن کو تلاش کیا جانا ہے۔ تلاش شدہ منزل کو سو فیصد نیلام کیا جاتا ہے۔ فاٹا کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ فاٹا کے ایک ڈویژن میں 344 غیر قانونی کرشنگ پلانٹ بند کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے فاٹا کے اساتذہ کی تنخواہوں کی کٹوتی کا معاملہ اٹھایا تو فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ فاٹا میں تعلیم کے شعبہ میں بہتری کے لئے آئی ایم یو سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جو اساتذہ 8 سال سے سکولوں میں نہیں گئے ان کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں اور اساتذہ کی سکول میں حاضری کے حوالے سے آئی ایم یو سسٹم جلد متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے فاٹا کے تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حاضری بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔ حکام سے کہا کہ فاٹا میں تعلیم کے شعبے کے ساتھ لائیو سٹاک پروگرام کا پی سی ون بنایا جا رہا ہے اور اس طرح فاٹا میں صحت کے شعبے کے حوالے سے الگ سٹرکچر بنایا جا رہا ہے۔ رکن قومی اسمبلی قیصر جمال نے کہا کہ فاٹا لیویز فورس کا جوان 19 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہا ہے جبکہ دوسرے صوبوں میں اس عہدے کا پولیس آفیسر 70 ہزار تنخواہ وصول کر رہا ہے جبکہ لیویز فورس کے جوان سب سے آگے خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری سیفران نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک بھر میں 45 ہزار لیویز فورس خدمات سرانجام دے ر ہے ہیں۔ لیویز فورس کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت سیفران غالب خان نے کہا کہ لیویز فورس کو بھی ملک میں خدمات سرانجام دینے والی دیگر فورسز کے برابر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کی تربیت کے لئے فاٹا میں جدید سہولیات سے آراستہ مراکز تعمیر کئے جائیں گے اور لیویز فورس کو دوسری فورسز کے برابر مراعات دی جائیں گی۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا کہ پلاننگ کمیشن کو 45 منصوبے بھیجے گئے تھے جن میں سے صرف ایک منصوبہ نواز شریف ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میران شاہ کے لئے منظوری دی گئی اور اس منصوبے کے لئے پانچ کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔ اجلاس میں فاٹا کے حکام نے سال 2018-19ء کے بجٹ کے لئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی قیصر جمال نے کہا کہ فاٹا کے عارضی طور پر بے گھر افراد کو مکانات کے معاوضہ جات و بحالی و تعمیر نو منصوبے کی طرح ایف آر کے عارضی طور پر بے گھر افراد کو بھی شامل کیا جائے۔ آپریشن کے دوران ایف آر بے گھر افراد کے مکانات تباہ ہوتے رہیں و دیگر انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوا ہے لہذا ایف آر کے علاقہ جات اور بے گھر افراد کی بحالی و تعمیر نو منصوبہ جات میں شامل کیا جائے۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نذیر خان، قیصر خان، بسم اﷲ خان، عاصمہ محمود، ثریا جتوئی، وزیر مملکت سیفران غالب خان، سیکریٹری سیفران، ایڈیشنل سیکرٹری ٰفاٹا سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔