راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مخالفین کے پاس الزامات لگانے اور کیچڑ اچھالنے کے سوا کچھ نہیں ہے ‘ پاکستان سے برائیوں کا خاتمہ کر کے ترقی و خوشحالی لانا ہماری منزل ہے ‘ ماضی کی حکومت میں کرپشن کا روز نیا سکینڈل سامنے آتا تھا ‘ بہتان تراشی کا کوئی علاج نہیں ہے ‘ یہاں بعض حلقے غلط کام کو نہیں بلکہ ٹھیک کام کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں ‘ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے ‘ پہلے دہشت گردی کے واقعات ر وز ہوتے تھے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی تھی‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ‘ تقریر کرنا سب سے آسان کام ہے کوئی پاگل بھی تقریر کر سکتا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں چکلالہ ویلفیئر سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں انہیں منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے چکلالہ ویلفیئر سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اچھے کام کرنے میں بہت رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔ بعض حلقے غلط کام کو نہیں بلکہ صحیح کام کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ویلفیئر سٹی کیلئے اراصی کے حصول کیلئے سخت محنت کرنا پڑی ۔ اس میں کھیل کے میدان اور پارک کی سہولتیں موجود ہوں گی۔ ویلفیئر سٹی میں قبرستان کے ساتھ 3 بسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔ چکلالہ ویلفیئر سٹی میں فوری طور پر ہسپتال کی تعمیر بھی شروع کی جا رہی ہے۔ واہ کے علاقہ میں ایک جدید ہسپتال کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چکلالہ ویلفیئر سٹی میں مختلف منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہہ راولپنڈی شہر کی ضروریات عوام کے قدموں میں لے کر آؤں گا۔ حکومت نے گزشتہ ساڑھے 3 سال میں اہم قومی امور پر فیصلے اور عمل کیا۔ ہم نے حکومت کو ووٹ کا حق ادا کرنے کیلئے استعمال کیا۔ ہماری حکومت نے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی اور زیادہ مسائل حل ہو چکے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ماضی کی حکومت میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا ماضی میں دہشت گردی کے واقعات روز ہوتے تھے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی تھی۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے اور کیچڑ اچھالنے والوں کے پاس کچھ نہیں ہے۔ اداروں کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ عوام ہر روز نئے شوشے چھوڑنے والوں کے ماضی پر بھی نظر ڈالیں۔ پاکستان سے برائیوں کا خاتمہ کر کے ترقی و خوشحالی لانا ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے ملک میں مزید ترقی اور خوشحالی لائیں گے۔ ۔۔۔(رانا)
خبرنامہ
مخالفین کے پاس کیچڑ اچھالنے کے سوا کچھ نہیں
