خبرنامہ

مرکزی حکومت نے پہلے چار سال قومی مسائل پر توجہ دی، مرتضیٰ جاوید عباسی

مرکزی حکومت نے پہلے چار سال قومی مسائل پر توجہ دی، مرتضیٰ جاوید عباسی

ایبٹ آباد(ملت آن لائن) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے پہلے چار سال قومی مسائل پر توجہ دی، اب وہ دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، کہ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر ملک میں دوبارہ حکومت بنائے گی، اور خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی کی حکومت ہو گی، خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) ایک زبردست قوت بن کر ابھری ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا جس سے حکومت پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ گذشتہ روز شیروان کے نواحی علاقوں لکھن پور اور پنڈ کرگو خان میں بجلی اور سڑک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے مدبرانہ فیصلوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین صوبہ میں حکومتی جماعت کی بجائے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں، صوابی سے بابر سلیم اور ہری پور سے گوہر نواز خان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو چکے ہیں۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ سنجیدہ اقدامات کے باعث ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوا اور ملک تیزی سے اندھیروں کے خاتمہ کی جانب گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ اس خطہ کی تاریخ میں سٹاک ایکسچینج 55 ہزار پوائنٹس پر چلی گئی تھی، نواز شریف نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا تھا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جو وعدے عوام کے ساتھ کئے تھے وہ مکمل کر دیئے ہیں، ہزارہ موٹر وے کی تکمیل اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، محمد نواز شریف ملک بھر کی عوام کیلئے دل میں محبت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی ایوب آفریدی نے بھی تقریبات سے خطاب کیا۔