خبرنامہ

مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں’ ایاز صادق

اسلام آباد ۔ 04 فروری (ملت+ اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حق خودارادیت اورکشمیری عوام کا بنیادی حق ہے ،کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں جنوبی ایشاء اور مسئلہ کشمیر کے مستقبل کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا ۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ عالمی براد ر ی بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مسلسل انکار اور مقبوضہ کشمیر میں جبر و تشدد ، جعلی مقابلوں ،جبری گمشدگیوں، عصمت دری ، اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گنوں کے بے دریغ استعمال کے واقعات کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انھوں نے عالمی برادری پر کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور مقبوضہ وادی میں قتل و غارت گری کو بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کشمیری عوام کی جہدو جہد آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت اور اصولی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی حق خوداردیت کی جدو جہد کی ہر فورم پر اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کی قومی اسمبلی کی میزبانی میں کشمیر کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرائی گئی ہے جس میں عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کو حل کرانے اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینے پر زور دیا گیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ جدید معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حق خودارادیت کے منافی ہے ۔ ڈپٹی سپیکر مرتضٰی جاوید عباسی نے بھی اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں کشمیر ی عوام کی حق خوداردیت کے لیے جاری جدوجہد کی ہر سطح پر اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیر ی عوام کی آوازہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں اُن کے ساتھ کھڑا رہے گا۔