خبرنامہ

مسئلہ کشمیر پر پیچھے نہیں ہٹیں گے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز

اسلام آباد(ملت+آئی این پی)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی وزارت عظمیٰ کے دورمیں پاک بھارت تعلقات میں بہت زیادہ بہتری کی توقع نہیں ،بھارت سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ خلاف ورزی نہیں کر سکتا، مسئلہ کشمیر پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، افغانستان میں کچھ عناصر افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات نہیں چاہتے ،ہم گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت میں امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وہ جمعہ کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت تنہا سندھ طاس معاہدہ نہیں ختم کر سکتا، مودی کے وزیراعظم ہوتے ہوئے پاک بھارت تعلقات میں زیادہ بہتری کی توقع نہیں ہے ، ہم کشمیر کے مسئلے پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے سفارتی محاذ پر سرگرم ہیں ، گزشتہ دنوں میں افغانستان میں حالات خراب ہوئے ہیں اور کچھ عناصر افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ ہم گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت میں معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔برسلز کانفرنس میں سب نے اتفاق کیا کہ افغان مسئلہ مذاکرات سے حل ہو گا۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیراہیں۔ ہماری پر خلوص کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔