اقوام متحدہ ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ جب تک سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے حق خودارادیت کے تحت مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ یہ بات انہوں نے جنرل اسمبلی میں نوآبادیت کے خاتمے سے متعلق مسائل پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیریوں کی نسلیں کھوکھلے وعدوں اور بے رحم جارحیت کا سامنا کررہی ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یاد دلایا کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے سلامتی کونسل کی جانب سے کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ ایفا نہ ہوسکا اور کشمیری اب تک اپنے بنیادی حق حق خودارادیت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر کشمیری عوام یکجا ہو کر بھارتی جارحیت اور ظلم وستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کی موجودہ جائز اور مقامی جدوجہد اس لئے شروع ہوئی کیونکہ انہیں ان کے حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی مہینوں سے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ استعمال کررہا ہے، برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری عوام کی تحریک کو کچلنے کیلئے بھارت گولیوں بالخصوص چھرے دار بندوقوں کا استعمال کررہی ہے جس میں اب تک ایک سو سے زائد کشمیری شہید اور سینکڑوں عمر بھر کیلئے بینائی سے محروم ہوگئے ہیں، یہ ریاستی دہشتگردی کی بد ترین مثال اور جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ رہا ہے اور نہ رہے گا، کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات اور مرضی کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ادارے کی طرف سے منظور کی جانے والی قراردادوں پر یکساں اور جامع طور پر عملدرآمد کیا جائے، پسند اور ناپسند کی بنیاد پر قراردادوں پر عملدرآمد کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حتیٰ کہ 21 ویں صدی میں بھی بعض علاقے نوآبادیاتی اور غیر ملکی قبضے کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں فلسطینی عوام کو حق خودارادیت نہ دینے کے نتیجے میں خطے میں دیرپا امن کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور خودمختار فلسطین خطے میں امن کے قیام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستانی مندوب کے پراثر خطاب کے بعد بھارتی سفارتکار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے فورم کو غلط طریقے سے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کشمیرکے بارے میں بھارتی موقف کا اعادہ کیا جس پر ایک اور پاکستانی مندوب صائمہ سید نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا دعویٰ کھوکھلا اور بے بنیاد ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دنیا کے تمام لوگوں کو حق خودارادیت کا حق دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد جائز اور قانونی ہے اور پاکستان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بین الاقوامی فورم پر اس مسئلے کے حل کیلئے سیاسی جدوجہد کرے۔
خبرنامہ
مسئلہ کشمیر کے حل تک برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل رہے گا:ملیحہ لودھی
