خبرنامہ

مسائل کو حل کر نے کیلئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا،وزیر اعظم

لاہور: (ملت+آئی این پی ) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ترکی کے مذہبی امور کے صدر ہمت گرمیز نے لاہور میں عالمی سیرت النبیؐ کانفرنس کے موقع پر ملا قات کی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے یہمت گرمیز کی امت مسلمہ کی خدمات کے حوالے سے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ملا قات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا واحد حل دین اسلام کی تعلیمات اور آنحضورؐ کی سنت مبارکہ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے میں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمت گرمیز نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ دنیا میں ہر جگہ مختلف فرقوں کی اپنی اپنی مساجد ہیں۔ ملا قات میں اتفاق کیا گیا کہ اگر ہمیں اپنے دینی اور دنیاوی مسائل کو حل کرنا ہے تو اس کے لئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا اور ہمیں مشترکہ طور پر ایک ایسا مربوط نظام وضع کرنا ہوگا جس کی روشنی میں تمام فرقے اور امت مسلمہ باہمی اختلافات کوبھلا کر اتحاد اور یگانگت کے ذریعے اسلامی تعلیمات کو حقیقی روح میں معاشرے میں رائج کریں جو دینی اور دنیاوی فلاح کی ضمانت ہے۔