خبرنامہ

مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی،جماعت اسلامی، تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کا کلبھوشن کی سزائے موت کا خیرمقدم

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن کو سزا سے عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا،پھانسی سے ریاست کو تقسیم کرنے والوں کو پیغام جائے گا،فیصلے سے دشمن عناصر کو سخت پیغام جائے گا،کلبھوشن پاکستان میں ہزاروں لوگوں کی موت کا سبب بنا،بھارت اس طرح کی حرکتیں نہ کرے،کلبھوشن ریاست کے خلاف جرم کرتے ہوئے پکڑا گیا،کلبھوشن کو قانون کے مطابق سزا سنائی گئی۔پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، را کے لوگوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو معاملے سے آگاہ کیا تھا،یقین ہے کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد ہوگا،ہم چاہتے ہیں بھارت ایسی حرکتیں نہ کرے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پوری قوم اس فیصلے کے ساتھ ہے،کلبھوشن ریاست کے خلاف جرم کرتے ہوئے پکڑا گیا،کلبھوشن کو سزا سے عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ پھانسی سے ریاست کوتقسیم کرنے والوں کو پیغام جائے گا۔پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کلبھوشن کو سزائے موت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں،فیصلے سے پاکستان دشمن عناصر کو سخت پیغام ملے گا،کلبھوشن پاکستان میں ہزاروں لوگوں کی موت کا سبب بنا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی سزائے موقت اچھا اقدام ہے۔وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاکہ کلبھوشن کو قانون کے مطابق سزا سنائی گئی۔