مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے لئے پرامید:مشاہداللہ خان
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت مختلف محاذوں پرمضبوط اور مؤثرکارگردگی کی بنیادپرآئندہ سال منعقدہونے والے عام انتخابات میں کامیابی اورمزیدپانچ سال کیلئے حکومت کے قیام کیلئے پرامیدہیں۔پاکستان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات مشاہداللہ خان پرامید ہیں کہ انتخابی نتائج میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سب سے آگے ہو گی ، اس کی وجوہات بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے بھرپورعزم کے ساتھ کام کیا اور2013 ء میں ملک کودرپیش چیلینجوں سے بخوبی عہدہ برآء ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مطابق ان کی جماعت کی حکومت نے دہشت گردی کا بڑی حٖدتک خاتمہ کیا، معیشت کوبہتربنایا اورتوانائی کے سنگین قلت وبحران پرقابوپانے میں کامیاب ہوئی۔پارٹی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اہم کامیابیوں میں ملک میں بالعموم اور کراچی، فاٹا اوربلوچستان میں بالخصوص بڑی حد تک قیام امن شامل ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری کیلئے اقدامات کی قیادت خودسابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے کی جنہوں نے اس وقت کے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ متعدد بار کراچی کادورہ کیا اور ان اجلاسوں کی صدارت کی جن میں اعلیٰ سکیورٹی اہلکار شامل تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس دہشت گردی اور انتہا پسندی کا عزم کے ساتھ مقابلہ کیا، ماضی کی حکومتیں ان چیلنجوں سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی تھیں۔ دہشت گردی کے عالمی انڈیکس ( گلوبل ٹیررازم انڈیکس) کے حالیہ نتائج کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں طورپر کمی آئی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے باعث ہونے والی اموات میں 12فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو 2006ء کے بعد سب سے کم ترین شرح ہے۔ بلوچستان میں شورش پر بھی قابو پایا گیااور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی شمولیت سے صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں اور منصوبوں پر جال بچھایا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ جب 2013ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملکی اقتصادی صورتحال دگر گوں تھی اور ملک کے دیوالیہ ہونے کے خبریں تواتر کے ساتھ میڈیا میں آرہی تھیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 4برسوں تک وزارت خزانہ کی قیادت کرتے ہوئے ایک مربوط اقتصادی پروگرام پر عمل پیرا رہے جس کے نتیجہ میں مالیاتی استحکام کو یقینی بنایا گیا، اس حقیقت کی تصدیق و توثیق بین الاقوامی اداروں اور ریٹنگ کی عالمی ایجنسیوں نے بھی کی ہے جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کے اقتصادی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیاہے۔ 2008ء سے 2013ء تک افراط زر کی اوسط شرح 12فیصد تھی رواں سال کے دوران افراط زر کی شرح 4.3فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ پاکستان کی معیشت کا حجم 300ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد وشمارکے مطابق 2012-13ء میں فی کس آمدنی 1334 ڈالر تھی جبکہ مالی سال 2016-17ء میں فی کس آمدنی 1629ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔ 4سال قبل ملک کو توانائی کے سنگین بحران اور قلت کا سامنا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق ملک میں توانائی کے نئے پلانٹس کے قیام کا ہدف مقرر کیا ۔ وزارت بجلی کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں قومی گرڈ میں 10ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو چکی ہے اور اب موسم سرما میں گھریلو اور صنعتی صارفین کو 24گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں 2017ء کے بعد مزید 15ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لئے مالیاتی کلوزنگ ہو چکی ہے۔ حکومت نے آئندہ سال کے لئے پاور سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 401ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کاارادہ ظاہر کیاہے جن میں سے 317 ارب روپے آئندہ سال واپڈا کے ذریعے استعمال ہوں گے۔ توانائی سب کے لئے عنوان سے ایک نیاپروگرام بھی شروع کیاگیا ہے جس کے لئے ابتدائی طورپر 12.5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 13نئے موٹر وے منصوبوں کے آغاز کا اعزاز بھی حاصل ہے جن کی تکمیل سے ملک میں سڑکوں کا ایک نیا نقشہ ابھرے گا ۔ ان منصوبوں پر 850ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 2013ء میں ملک میں موٹر ویز کی طوالت 580کلومیٹر تھی اور 2018ء تک اس کی طوالت 1800کلومیٹر تک پہنچ جائے گی۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک اور سنگ میل ہے جس کے تحت چین نے پاکستان بھر میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے مختلف منصوبوں میں 62ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت نئی بلندیوں پر پہنچ جائے گی جس کے تحت مواصلات کے نئے نیٹ ورکس قائم ہوں گے ، توانائی کے نئے منصوبے شروع ہوں گے اور خصوصی اقتصادی زونز کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔ اپنے دور حکومت میں ان تمام کامیابیوں کے تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت آئندہ عام انتخابات میں ایک مضبوط مہم کے لئے تیار ہے اور وہ مزید 5سال کے لئے عوام سے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے گی۔
خبرنامہ
مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے لئے پرامید:مشاہداللہ خان
