اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی صورت میں مشترکہ معاشی مفادات خطے میں امن وخوشحالی کے ضامن بنیں گے ، سی پیک ایسا شاندار منصوبہ ہے جس سے پاکستان اور چین کے علاوہ خطے کے تمام ممالک کے مفادات منسلک ہیں اور یہ منصوبہ نا صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے بھی معاشی لائف لائن کی حیثیت اختیار کر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں یہ پوٹینشل موجود ہے کہ اس سے معاشی مفادات منسلک ہونے کے بعد خطے کے ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور ان ممالک کے درمیان ایک مضبوط دوطرفہ اور کثیر طرفہ روابط کی داغ بیل ڈلے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے کے ممالک اس تاریخی منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس،ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کا اس عظیم منصوبے میں دلچسپی قابل قدر ہے جو اس خطے سے غربت ،افلاس اور بے روز گاری کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ قومی اہمیت کے اس تاریخ ساز منصوبے کا سہرا محمدنواز شریف کی قیادت او ر وژن کو جاتا ہے کہ جنہوں نے 1990 ء کی دہائی میں اس پورے خطے کو ریل و روڈ سے منسلک کر کے معاشی روابط میں استوار کرنے کا وژن دیکھا تھا ۔انہوں نے اسی وژن کی تکمیل کے لیے لاہور اسلام آباد موٹروے کی بنیاد رکھی تھی جس کو وہ وسطی ایشیائی ریاستوں اور گوادرتک پھیلانا چاہتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا تسلسل جاری رہتا تو اس منصوبے کی تکمیل کے بعد سارا خط آج اس کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہوتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں حائل کسی رکاوٹ کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دُشمن اور شر پسند عناصر اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں جس کو ہمارے سیکیورٹی ادارے ناکام بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم محمدنواز شریف کی قیادت میں اس عظیم و شان منصوبے کی تکمیل کے لیے متحد کھڑی ہے اور اس ضمن میں دُشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ محمدنواز شریف کا پاکستان کی عوام کے لیے عظیم تحفہ ہے جس کو تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ وعدوں تکمیل اور قومی اہمیت کے میگا منصوبوں کی تکمیل 2018 ء کے جنرل الیکشن میں بھی مسلم لیگ(ن) کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاکستان کی ترقی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہے گا۔
خبرنامہ
مشترکہ مفادات خطے میں امن کے ضامن بنیں گے: برجیس
