اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ معاشرے کو انتہا پسندی اور انتشار سے نجات دلانے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔صدر مملکت نے یہ بات قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج ایوان صدر میں جناب صدر سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے صدر مملکت کو اپنے ڈویژن کے تحت چلنے والے اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے مشیر وزیراعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علمی و ادبی اداروں کا اپنی استعداد کے مطابق پھر سے متحرک ہو جانا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے کلچر کو عام کرنے کی منظم کوششیں کی جانی چاہئیں۔ عرفان صدیقی نے صدر مملکت کو اسلام آباد میں نیشنل بک فانڈیشن کے تحت منعقد ہونے والے آٹھویں قومی کتاب میلے کے افتتاح کی دعوت دی۔ پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں منعقد ہونے والا یہ میلہ 22 اپریل سے شروع ہو کر 24 اپریل تک جاری رہے گا۔
خبرنامہ
معاشرے کو انتہا پسندی اور انتشار سے نجات دلانے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ بڑی اہمیت رکھتا ہے،صدرممنون
