خبرنامہ

معاشی استحکام سے ملک میں غربت میں کمی آرہی ہے، نواز شریف

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی‘ اب پاکستانی معیشت میں استحکام کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے‘ معاشی استحکام سے ملک میں غربت میں کمی آرہی ہے‘ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر 24ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے مختلف وزارتوں اور اداروں کے ساتھ چینی وفد کی ملاقاتوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین دوستی‘ چینی قیادت اور عوام کا کردار قابل قدرہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے خطے کے عوام کی زندگی میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ پاکستانی معیشت میں استحکام کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ سٹینڈرڈز اینڈ پوورز نے پاکستان کی درجہ بندی منفی بی سے بی کردی ہے۔ معاشی استحکام سے ملک میں غربت میں کمی آرہی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر چوبیس ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ماحول دوست سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ چینی وفد نے معاشی استحکام کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں کو سراہا ۔چینی وفد نے کہا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں تین ارب ڈالر سرمایہ کاری لارہے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں نمایاں کام ہوا ہے۔