خبرنامہ

معاشی طور پر ابھرتا ہوا پاکستان دنیا کیلئے ایک مثال ہے، مریم اورنگزیب

معاشی طور پر ابھرتا ہوا پاکستان دنیا کیلئے ایک مثال ہے، مریم اورنگزیب

ڈیووس(ملت آن لائن) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیووس میں پاکستان کی تاریخی نمائندگی کی ہے۔ ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈیووس میں اہم عالمی تجارتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک کی صورت میں پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، خطے کے ممالک سی پیک سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، معاشی طور پر ابھرتا ہوا پاکستان دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں پاکستانی خواتین نے بھرپور نمائندگی کی ہے جسے مثبت انداز میں سراہا گیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کی تاریخی نمائندگی ہے، دنیا پاکستان کو ایک ابھرتی مارکیٹ کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سی پیک پورے خطے کیلئے مشترکہ خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بل گیٹس، ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک، اوبر، سیمنز، مٹسوبشی کارپوریشن سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں نے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، معاشی طور پر پاکستان ایک ابھرتا ہوا ملک ہے، سی پیک کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آ رہی ہے، ملک میں انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور ترقی کے مختلف منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، اس حوالے سے پاکستان دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ امپیکٹ سیشن میں ممالک نے گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کا ثمر ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بل گیٹس کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملاقات میں شعبہ صحت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی جس میں وزیراعظم ہیلتھ پروگرام، یونیورسل ہیلتھ کوریج اور پولیو کے خاتمے سمیت مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بل گیٹس نے شعبہ صحت میں بہتری کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے مختلف ممالک کے وفود کے مقابلے میں پاکستان کے وفد میں خواتین کی نمائندگی سب سے زیادہ تھی۔