خبرنامہ

معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے جامع منصوبے کے تحت کام کیا جائے: صدر

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے ہدایت کی ہے کہ پسماندہ طبقات کے ناخواندہ بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ انھیں معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے جامع منصوبے کے تحت کام کیا جائے۔ وہ نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے انجنیئر بلیغ الرحمٰن ،وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر این سی ایچ ڈی کی چیئر پرسن محترمہ روزینہ عالم بھی موجود تھیں جنھوں نے صدر مملکت کو ادارے کے سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے تعلیم کی شرح میں اضافے کے لیے این سی ایچ ڈی کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ دیہی علاقوں میں فروغ تعلیم کے لیے خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو قانون کے مطابق اور دیگر سرکاری ملازمین کے برابر معاوضوں کی ادائیگی ہونی چاہیے تاکہ ان کی ضروریات بھی پوری ہو سکیں اور تعلیم کا معیار بھی بہتر ہو سکے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ حکومت پاکستان کے فیصلوں کے مطابق انھیں تمام ضروری سہولتیں مہیا کریں۔ صدر مملکت نے جیلوں میں بند بچوں اور نا خواندہ بالغوں کو خواندہ بنانے کی کوششوں پر این سی ایچ ڈی کی تعریف کی اور کہا کہ طالب علموں کی تعلیم و تربیت سے تہذیبی پس منظر کے مطابق کی جائے تو وہ زیادہ موثر ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں این سی ایچ ڈی کا کردار سازی کا پروگرام نہایت مفید ثابت ہو گا۔