خبرنامہ

مقبوضہ کشمیر میں یونیورسٹی طلباء نے شہید نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں جہاں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی وہیں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے بھی کولگام کیمپس میں ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ میں یونیورسٹی کے ہوسٹل میں قیام پذیرطلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ طلباء آزادی اور اسلام کے حق میں نعرہ لگاتے ہوئے ہوسٹل کے لان میں جمع ہوئے اور نماز جنازہ ادا کی۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بامعنی مذاکرات شروع کرے۔ طلباء نے کشمیری نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے سے بھارت کو خبردارکیا۔ طلباء نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔