خبرنامہ

ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں، قومی اسمبلی

ملازمین کو اعزازیہ

ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں، قومی اسمبلی

اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کی ذیلی کمیٹی کی کنوینر شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے بجٹ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خدمات سرانجام دینے والے اپنے ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں‘ جس نے بھی رکاوٹ ڈالی اس کے خلاف تحریک استحقاق لائی جائے گی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں شہزادی عمرزادی ٹوانہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین ملک ابرار احمد اور عبدالمجید خان خانان خیل کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات‘ وزارت خزانہ‘ وزارت داخلہ اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری کیڈ کی اجلاس میں عدم موجودگی پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پولی کلینک کے ڈاکٹروں اور سٹاف کو اعزازیہ دینے کے حوالے سے سیکرٹری کیڈ سے کہا گیا کہ وہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو لکھیں۔ ملک ابرار نے کہا کہ اگر وزارت خزانہ نے اس کا اعلان کر رکھا ہے تو وزارت خزانہ کو عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات اور ڈی جی ریڈیو پاکستان نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ٹی وی ‘ ریڈیو پاکستان اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اپنے وسائل سے رقم ادا نہیں کر سکتے۔ اس پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ پی ٹی وی کی بیلنس شیٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات شفقت جلیل نے کہا کہ وزارت کی سیونگ سے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو اعزازیہ دیا جاسکتا ہے تاہم اے پی پی کے حوالے سے وزارت سے چیک کرنا پڑے گا۔ وزارت خزانہ کے نمائندے نے بتایا کہ پی ٹی وی کی فہرست 86 سے کم ہو کر 36 افراد پر آگئی ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے کہا گیا کہ یہ معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں جائے گا جس پر کنوینر کمیٹی نے ان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرنا وزارت خزانہ کا کام ہے، ہم نے وزیر خزانہ کے اعلان پر عملدرآمد کرنا ہے۔ انہوں نے وزارت خزانہ کے حکام کی گزشتہ دو اجلاسوں میں عدم شرکت پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اے پی پی کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے مستند فہرست کے لئے لکھے گئے خط پر ہم نے یہ فہرست بھجوا دی ہے۔ وزارت ٹیکسٹائل کو ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ اجلاس سے قبل سوینئر شاپ پر کام کرنے والے اپنے ملازم کو اعزازیہ دے۔