ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈرگ پرائسنگ پالیسی سائرہ افضل تارڑ اور ڈریپ کی کوششوں سے متعارف ہوئی
اسلام آباد(ملت آن لائن) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈرگ پرائسنگ پالیسی سائرہ افضل تارڑ اور ڈریپ کی کوششوں سے متعارف ہوئی جس میں صوابدیدی اختیارات اور کرپشن کا خاتمہ کیا گیا۔ میرٹ کی بنیاد پر پالیسی بنی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت تھی اس ڈرگ پالیسی کے ثمرات اب سامنے آرہے ہیں۔ اسی کے تحت آج ادویات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کے لیے ایک شفاف نظام متعارف کروایا ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ ڈریپ صرف ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے بلکہ سچائی یہ ہے کہ ڈریپ نے بہت سارے زیادہ مقدار میں فروخت ہونے والے برانڈز کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ ڈریپ نے ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2015 میں اپنے پالیسی بورڈ ، کیبنٹ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد جاری کی۔ یہ پالیسی ادویات کی قیمتوں کے تعین ، اضافے اور کمی کے لیے ایک شفاف طریقہ کار وضع کرتی ہے۔ وفاقی حکومت نے اتھارٹی کی سفارش پر (59) برانڈز کی قیمتوں میں 10فیصد تک کمی کی منظوری دی ہے جو کہ اس پالیسی کی شقوں کے عین مطابق ہے ڈریپ ادویات کی قیمتیں کم کرانے کے لیے مختلف حکمت عملی اپنا رہی ہے جن میں جینرک ادویات کی کم قیمت پر رجسٹریشن شامل ہے۔ نئی ادویات مارکیٹ میں آنے سے مقابلے کے رجحان میں اضافہ ہو گا۔ اور ادویات کی فراہمی ہو گی۔ اس سے ہیپاٹائٹس، کینسر ، شوگر، بلند فشار خون، الرجی، انفیکشن، کالی کھانسی، خناق، تشنج اور ہیپاٹائٹس کی ویکسین سستی دستیاب ہوں گی۔